ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین کا 108 بازوؤں والا زرعی روبوٹ، کپاس کی کاشت میں انقلاب

چین کا 108 بازوؤں والا زرعی روبوٹ، کپاس کی کاشت میں انقلاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: چین نے کپاس کی کاشت میں جدید ٹیکنالوجی کا ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے سنکیانگ میں 108 مکینیکل بازوؤں سے لیس روبوٹ متعارف کرا دیا ہے، جو کپاس کے پودوں کی چوٹی تراشنے کا کام انتہائی تیزی اور درستگی سے انجام دے رہا ہے۔

شِنہوا نیوز کے مطابق یہ 8 ٹن وزنی اور 3.8 میٹر بلند خودکار روبوٹ جدید سینسرز، مشین وژن اور مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے ہر پودے کا تجزیہ کرتا ہے اور چند ملی سیکنڈ میں درست مقام پر کٹ لگاتا ہے۔ روبوٹ ایک گھنٹے میں 3 لاکھ سے زائد کٹ لگا سکتا ہے اور تقریباً 2 ہیکٹر رقبے پر کام کرتا ہے، جو دستی مزدوری کے مقابلے میں 120 گنا زیادہ مؤثر بتایا جا رہا ہے۔

چینی کمپنی ویوَر ٹیک کی تیار کردہ اس مشین کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے استعمال سے فی ہیکٹر کپاس کی پیداوار میں اوسطاً 600 کلوگرام اضافہ ہوا، جبکہ کسانوں کو فی ہیکٹر 3 ہزار یوآن سے زائد اضافی منافع بھی حاصل ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق روبوٹ روزانہ اتنا کام انجام دیتا ہے جتنا 50 سے 60 مزدور کرتے ہیں، جبکہ ٹوپنگ کی کامیابی کی شرح 90 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔ کسان ٹیبلٹ کے ذریعے مشین کی کارکردگی اور کھیتوں کا ڈیٹا بھی حقیقی وقت میں دیکھ سکتے ہیں۔

سنکیانگ پہلے ہی دنیا کے سب سے زیادہ مشینی زرعی خطوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں کپاس کی کاشت اور برداشت میں مشینوں کے استعمال کی شرح 97 فیصد سے زیادہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ نہ صرف کپاس بلکہ دیگر فصلوں میں بھی اسمارٹ فارمنگ اور ڈیجیٹل زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔