ویب ڈیسک: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں 17 سالہ نوجوان کرکٹر ادیتی موریشور چوکانڈے نے کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیتی موریشور گزشتہ دو برس سے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے مسلسل محنت اور ٹریننگ کر رہی تھیں، تاہم ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی تھیں۔
ادیتی کا تعلق مہاراشٹر کے شہر اکولا سے تھا۔ وہ اپنی والدہ کے ہمراہ کرکٹ میں کیریئر بنانے کی غرض سے ناگپور منتقل ہوئی تھیں، جہاں لکشمی نگر میں رہائش پذیر تھیں اور سرو کرکٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ایک تحریری نوٹ بھی ملا ہے، جس میں نوجوان کرکٹر نے اپنی ذہنی پریشانی اور تکلیف کا ذکر کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔