درِ نایاب:مون سون کے چوتھے اسپیل کے پیش نظر واسا پنجاب سمیت تمام اضلاع کو خصوصی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں بارشوں سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور مختلف اضلاع کے ایم ڈیز نے تیاریوں اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب صرف فیلڈ آپریشنز ہی نہیں بلکہ دفتری عملہ بھی نکاسی آب اور دیگر سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کرے گا۔ واسا کے تمام فیلڈ ملازمین کے لیے یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ جیو لوکیشن سسٹم کے ذریعے ان کی موجودگی اور کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وزیر ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ ڈی سلٹنگ (نالوں کی صفائی) کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا، جبکہ اضافی عملہ اور مشینری کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈی جی واسا کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متصل اضلاع کی مشینری اور واسا لاہور دیگر اضلاع کو مکمل معاونت فراہم کرے گا۔
بلال یاسین نے تمام ایم ڈیز کو ہدایت کی کہ ان کا خصوصی اسٹاف نشیبی علاقوں سے نکاسی آب، مین ہولز کی صورتحال اور فیلڈ آپریشنز کی باقاعدہ رپورٹ پیش کرے۔ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، ڈی واٹرنگ مشینری، جنریٹرز اور خصوصی شکایات سیلز کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
وزیر ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ بارش کے دوران نکاسی آب میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان فوری رابطہ اور مشترکہ کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔