(ویب ڈیسک) آئی جی موٹر وے خالد محمود نے کہا کہ تیز رفتاری کی مرتکب گاڑیوں کو ہر صورت تعاقب کرکے روکا جائے گا، تیز رفتاری کرنے، نہ رکنے والے ڈرائیورز کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے,موٹروے پر تیز رفتاری اور ریس لگانا جان لیوا حادثے کا باعث بنتی ہے جس کے خلاف موٹروے پولیس پرعزم ہے.
تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے پولیس کا مشن انسانی جانوں کو حادثات سے بچانا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹاجائیگا، قومی شاہراؤں اور موٹرویز پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے رعایت نہیں برتی جائے گی ، آئی جی موٹر ویز کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے پیٹرولنگ کومزید موثر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
آئی جی خالد محمود کا مزید کہنا تھاکہ موٹروے پولیس قومی شاہراؤں پر سفر کرنے والے مسافروں کی جان و مال کی محافظ ہے، مسافر بردار گاڑیوں کی کمپنیوں کا ڈیٹا پی ایس وی مینجمنٹ سسٹم میں محفوظ کیا جارہاہے، مسافر بردار گاڑیوں کے مسلسل تیسری لین استعمال کرنے پرڈرائیورزکو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، بسوں کی ٹریکنگ،ڈرائیورز کی ضروری معلومات کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جارہا ہے۔
گاڑیوں کی رجسٹریشن،روٹ پرمٹ سمیت اہم دستاویزات کا ریکارڈ بھی محفوظ کیا جارہا ہے،پاکستان کی تمام قومی شاہراؤں پر باڈی وارن کیمرے فعال کئے جا رہے ہیں ،جدید آلات سے لیس افسران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو چیک کر رہے ہیں،موٹر ویز پر سفر کرنیوالا ہر شہری قابل احترام ہے۔