(عرفان ملک) لاہور ایئرپورٹ پر جعلی شناخت کے ذریعے اٹلی جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جہاں امیگریشن حکام نے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق ملزم نے پرواز ایف زیڈ 360 کے ذریعے اٹلی روانہ ہونے کی کوشش کی۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے خود کو محمد رحمان طارق ظاہر کیا، تاہم جانچ پڑتال کے دوران اس کا اصل نام محمد احسان طارق سامنے آ گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم اپنے بھائی محمد رحمان طارق کے سفری دستاویزات استعمال کرتے ہوئے بیرونِ ملک جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
مزید یہ کہ اس کے بھائی نے اٹلی سے یہ دستاویزات بذریعہ ڈاک پاکستان بھجوائی تھیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم 2016 سے 2018 تک اٹلی میں مقیم رہ چکا ہے اور اسے اطالوی زبان پر بھی عبور حاصل ہے، جس کی بنیاد پر وہ حکام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا تھا۔
حکام نے ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا ہے، جہاں اس سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔