چودھری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ بننے کیلئے سرگرم، تمام گروپوں سے رابطے

 چودھری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ بننے کیلئے سرگرم، تمام گروپوں سے رابطے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے نئے قائد ایوان کا معاملہ،  مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویزالٰہی نےوزیر اعلیٰ پنجاب  بننے کیلئے لابنگ تیز کردی اور تمام گروپوں سے رابطے کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نامزد وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی سے رابطے کرنا شروع کردیئے،  چودھری پرویز الٰہی کی پی ٹی آئی کے تینوں گروپوں سے بھی بات چیت جاری ہے، چودھری پرویزالہیٰ ترین گروپ اور چھینہ گروپ سے بھی آج بات چیت کریں گے ۔

دوسری جانب  پی ٹی آئی کے تین ناراض گروپوں کی آج مشترکہ میٹنگ ہوئی ہے جس میں ترین، علیم اور چھینہ گروپ کے رہنمائوں نے شرکت کی، میٹنگ میں ترین، علیم او رچھینہ گروپس کو اکٹھا کرکے ایک پاور گروپ بنانے  کیلئے تین رکنی سیاسی کمیٹی بنا دی گئی، کمیٹی میں غضنفر چھینہ، عون چوہدری ، خالد محمود ڈوگر کو شامل کیا گیا، کمیٹی تین دن کے اندر پاور گروپ بنانے کے حوالے سے فیصلے کرکے قائدین کو آگاہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق تینوں دھڑوں میں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمایت کے حوالے سے تمام گروپس نے آپس میں مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاہم اس معاملے پر تینوں گروپ ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہےکہ تین روز قبل  وزیراعظم عمران خان نے  عثمان بزدار کے استعفیٰ دینے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے چودھری پرویز الہیٰ کو نامز دکیا تھا تاہم جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ نے ان کی حمایت کرنے سے بھی انکار کردیا۔