راؤ دلشاد:جشنِ بسنت کے موقع پر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے فری سفری سہولیات کا جامع پلان فائنل کر لیا ہے،اس منصوبے کے تحت 6 سے 8 فروری تک شہریوں کو مختلف ماس ٹرانزٹ سروسز پر مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار مسافروں کو مفت سفری سہولت میسر ہو گی۔ اسی طرح 64 میٹرو بسوں کے ذریعے شاہدرہ سے گجومتہ تک فری سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مسافر مستفید ہو سکیں گے۔
لاہور میں فیڈر روٹس کے لیے 188 بسیں 21 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی، جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت 40 الیکٹرک بسیں لاہور کے 2 روٹس پر شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کریں گی۔
حکام کے مطابق ان تمام سہولیات سے روزانہ تقریباً 6 لاکھ مسافر فری سفر سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے بسنت کے موقع پر فری سفری سہولت فراہم کرنے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسنت کے دوران شہری بغیر کسی فکر کے مفت سفری سہولت حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد بسنت کے موقع پر ٹریفک دباؤ کم کرنا اور شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور مفت سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔