سٹی 42 : ترکیہ کی مسلح افواج کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک سفیر عرفان نذیروغلو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور قریبی دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا گیا۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی تاریخ پر مبنی ہیں۔
تقریب کے شرکاء نے ترک مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی اور تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ تقریب میں پاک فوج کے افسران، ترک سفارتخانے کے حکام اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔