روزینہ علی :پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا۔
توجہ دلاؤ نوٹس میں وزیرِ اطلاعات و نشریات کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کئی ٹی وی چینلز کو حکومتی اشتہارات اور دیگر سرکاری ادائیگیاں موصول ہونے کے باوجود صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔نوٹس کے مطابق تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث میڈیا ورکرز اور ان کے خاندانوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، جو ایک انتہائی تشویشناک امر ہے۔
سحر کامران نے میڈیا ورکرز کے لیبر رائٹس کے مؤثر نفاذ اور پیمرا کی ریگولیٹری ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ توجہ دلاؤ نوٹس میں وزیرِ اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے پر قومی اسمبلی میں وضاحت اور بیان دیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض اطمینان اور مالی تحفظ کے ساتھ انجام دے سکیں۔
