شاہد سپرا: لیسکو میں ہیوی ڈیوٹی لیزر پرنٹر کی دیکھ بھال کے ٹھیکے میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی اے نے پرنٹرز کے ٹھیکے میں مبینہ بے ضابطگیوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا جبکہ اینٹی کرپشن سرکل نے لیسکو چیف محمد رمضان بٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو چیف محمد رمضان بٹ کو تمام الزامات پر ریکارڈ کیساتھ پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
دستاویزات کی روشنی میں ہیوی لیزر پرنٹرز کی دیکھ بھال کا ٹھیکہ مہنگے داموں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ پرنٹرز کی دیکھ بھال کا ٹھیکہ 39 ہزار سے بڑھا کر 60ہزار فی مشین کیا گیا۔
مہنگے داموں ٹھیکہ کرنے سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔
مزید برآں دستاویزات کے مطابق ٹھیکے میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کو لیسکو کی جانب سے فراہم کردہ ریکارڈ پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران ٹھیکہ دینے والے دیگر ذمہ داران کا بھی تعین کیا جائیگا۔