سٹی 42 : وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ صوبوں کو مون سون کی موجودہ صورتحال بارے 6 ماہ قبل آگاہ کردیاتھا، ہماری کوشش ہے چھوٹے چھوٹے شگاف ڈال کربڑی تباہی سے بچا جائے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث آئی تباہی سب کے سامنے ہے، ہر سال تباہی آرہی ہے،موسمیاتی تبدیلی کو کوئی تسلیم نہیں کررہا۔ انہوں ںے کہا کہ ہماری توجہ اب جنوبی پنجاب پر ہے، ہماری کوشش ہے پانی کو ایک ملین کیوسک سے کم رکھا جائے۔ مسلح افواج اور ریسکیوٹیموں کے شکر گزار ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف سیلابی صورتحال سے مکمل آگاہ ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سیلابی صورتحال کومانیٹر کررہے ہیں،مشکل گھڑی میں پورا ملک یکجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو مون سون کی موجودہ صورتحال بارے 6 ماہ قبل آگاہ کردیاتھا، سیلابی علاقوں میں بروقت امداد پہنچائی گئی، جس کی وجہ سے شرح اموات کم رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 3 سے 4 روز میں بارشیں زیادہ ہوں گی،تمام دریاؤں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے، گزشتہ ہفتے مون سون کا طاقتور سپیل دیکھا گیا۔