کائنات کا خاتمہ کیسے ہوگا؟ نئی تحقیق سامنے آگئی

کائنات کا خاتمہ کیسے ہوگا؟ نئی تحقیق سامنے آگئی
سورس: AFP
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: کائنات کا خاتمہ  کیسے ہوگا؟ نئی تحقیق سامنے آگئی ۔

دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق الینوائے سٹیٹ یونیورسٹی سے وابستہ میٹ کیپلن کی نئی تحقیق میں نیا  انکشاف ہوا ۔اس تحقیق کو  ’رائل آسٹرومیکل سوسائٹی‘ کے ماہانہ ’نوٹسز‘ میں اشاعت کے لیے منظور کر لیا گیا ہے،  اس میں کہا گیا ہے کہ  اگرچہ کائنات کا خاموش اور تاریک اختتام ہو گا تاہم اس دوران ایسے ستاروں کے پھٹنے سے خاموش آتش بازی کا سماں پیدا ہو گا جن کا کبھی پھٹنے کا کوئی امکان نہیں تھا۔  اپنے اختتام کو پہنچتے وقت کائنات آج کے دور کے مقابلے میں ناقابل شناخت ہو جائے گی اور انسانیت کا خاتمہ بہت پہلے ہو چکا ہو گا۔

کائنات میں مکمل طور پر اندھیرا چھا جائے گا اور یہ بلیک ہولز اور ایسے ستاروں کی باقیات سے بھری ہوئی ہو گی جو کافی عرصے پہلے جل کر خاکستر ہو چکے ہوں گے۔ پروفیسر کیپلن کا کہنا ہے کہ  یہ ( کائنات اپنے اختتام کے وقت) تھوڑی اداس، تنہا، سرد جگہ ہوگی، لیکن اس دوران تاریکی ’بلیک ڈؤارف‘ (وہ ستارے جن میں سے حرارت یا روشنی کا اخراج نہیں ہوتا) جیسی ہوگی۔ آج  جو چھوٹے چھوٹے ستارے پھٹ نہیں سکتے وہ سکڑ کر ’وائٹ ڈؤارف‘میں تبدیل ہو جاتے ہیں، یہ تبدیلی کائنات کے ختم ہونے سے کھربوں سالوں پہلے وقوع پذیر ہو گی۔

پروفیسر کیپلن کہتے ہیں کہ سورج کے حجم سے10 گنا چھوٹے ستاروں کے مرکزی حصوں میں بڑے ستاروں کی طرح لوہا تیار کرنے کے لیے کشش ثقل یا کثافت موجود نہیں ہوتی لہٰذا وہ ابھی مٹنے کے لیے پھٹ نہیں سکتے۔ جیسے جیسے اگلے چند کھرب سالوں میں ’وائٹ ڈؤارف‘ ٹھنڈے ہو جائیں گے، ان کی روشنی مدھم ہوتے ہوتے ختم ہو جائے گی اور آخر کار وہ ٹھوس ’بلیک ڈؤارف‘ ستارے بن جائیں گے۔اگرچہ وہ ستارے ٹھنڈے پڑ جائیں گے جیسا کہ وہ سکڑ کر ہلکے عناصر کے ناقابل یقین حد تک گنجان مجموعے میں ڈھل جائیں جس کا حجم زمین جتنا ہو گا لیکن سورج جتنے بڑے ستاروں میں جوہری رد عمل جاری رہے گا۔ یہ ردعمل آہستہ اور سرد پڑتا جائے گا اور آخر کار بلیک ڈؤارف لوہے میں بدل جائیں گے جس سے ان کے پھٹنے کا عمل شروع ہو گا۔

یہ وہی عمل ہے جو کائنات کے تاریک ہونے کے بعد بھی لمبے عرصے تک جاری رہے گا بلیک ڈؤارف پھٹتے رہیں گے اور کائنات کو (آتش بازی کی طرح) روشن کرتے رہیں گے یہاں تک کہ سب کچھ غائب ہوچکا ہو گا۔ کائنات کے خاتمے کے لحاظ سے دیکھا جائے تو یہ بہت دور ہے۔ ان میں سے پہلے بلیک ڈؤارف کے پھٹنے کی پیش گوئی 10 سے 1100 ویں سال میں ہوگی اس طوالت کا مطلب لگ بھگ کھرب سال ہے جو اس سے سو گنا زیادہ ہے۔

پروفیسر کیپلن نے کہا کہ سب سے بڑے بلیک ڈؤارف پہلے پھٹ جائیں گے جس کے بعد چھوٹے بلیک ڈؤارف کی باری آئے گی۔ آخر کار کائنات میں کچھ باقی نہیں رہے گا اور وہاں خاموشی چھا جائے گی جہاں دوبارہ کبھی کچھ نہیں ہوگا۔کہکشائیں منتشر ہو جائیں گی ، بلیک ہولز بخارات بن کر اڑ جائیں گے اور کائنات کی توسیع نے اب تک کی تمام باقی چیزوں کو کھینچ لیا ہو گا اور وہاں کوئی بھی چیز پھٹتی نظر نہیں آئے گی۔ یہاں تک کہ روشنی کے لیے دور تک سفر کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer