سٹی 42 : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جیکب آباد میں ڈینگی وائرس کے متعدد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
اسلام آباد کے مختلف مقامات سے مزید 30 ڈینگی پازیٹو مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈی ایچ او کے مطابق رپورٹ ہونے والے 13 مریضوں کا تعلق شہری اور 17 کا دیہی علاقوں سے ہے۔ اسکے علاوہ ڈینگی سے شدید متاثرہ 63 مریض اسلام آباد کی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے شہر میں روایتی انسداد ڈینگی مہم جاری ہے۔ اسلام آباد کے مختلف متاثرہ علاقوں میں ڈینگی اسپرے و دیگر انسداد ڈینگی اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب جیکب آباد میں بھی ڈینگی کے متعدد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد ضلع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سیکریٹری صحت کی جانب سے ہنگامی اقدامات کے احکامات کیے گئے ہیں۔
جیکب آباد میں ایک ماہ کے دوران ڈینگی کے 20 سے زائد کیسز سامنے آ گئے ۔ جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی کنٹرول کے لیے فوکل پرسن اور ٹیم مقرر کر دی۔ جِمس اسپتال میں ڈینگی مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ قائم کردی گئی ہے، ساتھ ہی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نجی لیبز میں 51 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ میں 17 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے ہیں۔
گڑھی خیرو، ٹھل اور جیکب آباد اسپتالوں میں ڈینگی وارڈز قائم کردی گئی ہیں۔