ویب ڈیسک : صدرِ مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے باجوڑ میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
صدر آصف زرداری نے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے سرغنہ سمیت چار دہشت گردوں کے ہلاک کئے جانے کو قوم کے عزم و استقامت کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع میں ایک اور نمایاں کارنامہ انجام دیا ہے، وطن کے دفاع اور امن کے قیام کیلئے جانفشانی سے برسرپیکار سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جذبۂ قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری آپریشن پاکستان کے پائیدار امن اور استحکام کی ضمانت ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ میں انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ سمیت 4 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد کو جہنم رسید کیا اور پاکستان کی سالمیت کے دشمنوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
شہباز شریف نے کہاکہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو اس انداز میں شکست دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر فورسز نے بروقت کارروائی کر کے ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت 4 خوارج کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے، قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔