محسن نقوی کا چھاپہ،سرکاری ہسپتال سے دوا نہ ملی،مریضوں کو دوا  کی قیمت ادا کر دی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: شیخوپورہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہاسپٹل میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کے اچانک دورہ کے دوران مریضوں نے دوائیں مفت نہ ملنے کے متعلق شکایت کر دی۔
میڈیکل وارڈ میں زیر علاج تمام مریضوں کو مفت ادویات نہ ملنے پر وزیر اعلی ہسپتال انتظامیہ پر برہم ہوئے اور ڈپٹی کمشنر  وقار علی خان کو ہدایت کی کہ جن مریضوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں کی تجویز کی ہوئی دوائیں باہر سے خریدی ہیں انہیں فوری طور پر پیسے ادا کئے جائیں۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے باہر سے ادوایات خریدنے پر ڈپٹی کمشنر وقار علی خان کو فوری پیسے ادا کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ زیر علاج مریضوں کو تمام ادویات ہسپتال سے فراہم کرنا ضروری ہے شکایت کی صورت میں ایکشن لیا جائے گا ۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں جاوید لطیف سے  ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے لئے شیخوپورہ گئے تھے۔ میاں جاوید لطیف کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد  وہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔

وزیر اعلیٰ نے ٹراما سینٹر اور  ہسپتال کی مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ وزیر اعلیٰ نے زیر علاج مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے متعلق دریافت کیا تو بعض مریضوں نے بتایا کہ انہیں ہسپتال سے دوائی نہیں ملی اور باہر سے دوائیں خریدنے کیلئے کہا گیا۔ ان شکایات پر وزیراعلیٰ نے سخت نوٹس لیا اور مریضوں کو دوا کی خریداری پر لگنے والی رقوم سرکاری خزانہ سے ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ شیخوپورہ ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔  یہ ہسپتال پنجاب کے بہت سے ہسپتالوں سے بہتر ہے مگر بہت سی چیزوں میں بہتری کی گنجائش بھی موجود ہے ۔ایمرجنسی میں جتنے مریض ہیں سب کو ہسپتال کی جانب سے مفت میڈیسن مہیا کی جا رہی ہیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ دل کے مریضوں کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اینجیوگرافی ہونے کی صورت میں مریضوں کو ضروری میڈیکل احتیاطوں کے ساتھ لاہور منتقل کر رہی ہیں ۔