سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایم این اے ثمینہ خالد گھرکی، پیپلز پارٹی کے بانی کارکن عارف خان اور ذکا اشرف کی گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، جمہوری عمل کے استحکام، اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت ہماری قومی شناخت کا بنیادی ستون ہے، ہمیں پارلیمانی اقدار، قانون کی حکمرانی اور عوامی شمولیت کو مستحکم بناناہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جمہوری قوتوں کو مل کر عوامی مسائل کے حل، اداروں کی مضبوطی اور آئینی نظم و ضبط کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا ۔
صدر مملکت نے کہا کہ منتخب نمائندے اور سیاسی کارکن عوام سے رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کریں ۔
ثمینہ خالد گھرکی نے صدر آصف علی زرداری کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں ۔