فاران یامین: فیصل ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مڑیاں اسٹاپ کے قریب ایک ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم شوکت مسیح آن لائن آرڈرز پر شراب سپلائی کرنے میں ملوث تھا اور واقعے کے وقت شیخوپورہ روڈ سے مڑیاں اسٹاپ پر کھیپ پہنچانے آیا تھا۔
چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 60 سے زائد شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ اس حوالے سے ایس پی جہانداد اکرم نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔