روزینہ علی : آج رات کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔ بالائی خیبر پختونحوا ، خطہ پوٹھوہاراور کشمیر میں چند مقامات پر مو سلادھار بارش کی توقع ہے۔
لاہور کے موسم کی صورتحال؛
پنجاب کے دل لاہور میں ابر رحمت برسنے کا سلسلہ جاری ہے، مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سمیت 31 مارچ تک لاہور میں بادل رنگ جمائیں گے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم تیور بدلتا رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، رات کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، شہر میں ابر رحمت برسنے سے لاہور میں فضائی الودگی کی شرح میں کمی آئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں فضائی الودگی کے اعتبار سے لاہور کا دوسرا نمبر ہے۔ لاہور میں مجموعی طور پر اے کیو ائی انڈیکس کی شرح 91 ریکارڈ کی گئی ہے۔
اتوار کے روز موسم کی صورتحال؛
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جز وی ابر آلود رہے گا، صبح کے اوقات میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مو سم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ چترال، دیر، سوات ، کوہستان، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ ، ہری پور اور بالاکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے.
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میں صبح کے اوقات میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کےک علاوہ منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں صبح کے اوقات میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مو سم خشک رہے گا،بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا، سندھ جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔