(سعود بٹ)فیکٹری ملازمین کیلئے صحت سہولیات کے حوالے سے سوشل سکیورٹی کا اہم اقدام،11 لاکھ 50 ہزار فیکٹری ملازمین کو جدید ای کارڈ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔صحت سہولت ای کارڈ منصوبہ کیلئے 16 کروڑ روپے مختص کر دیے گئے ہیں جس کی گورننگ باڈی سے منظوری لی جائے گی۔
سوشل سکیورٹی دستاویزات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں فیکٹری رجسٹرڈ ورکرز کے پاس تاحال صرف 6 لاکھ 50 ہزار مینوئل کارڈ موجود ہیں۔سادہ کارڈ ہونے کے باعث متعدد افراد کیجانب سے غیر قانونی طور پر صحت سہولیات حاصل کرنے کی شکایات تھیں۔دستاویزات کے مطابق جرمن تنظیم جی آئی زی کے تعاون سے فی الحال 20 ہزار کارڈز کا منصوبہ لاہور میں پائلٹ کیا جا رہا ہے۔ای کارڈ میں آر فائیو فارم کا ڈیٹا اور مزدوروں کی فیملی ممبران کے ریکارڈ کا اندراج کیا جائے گا۔کارڈ میں کیو آر کوڈ کے استعمال سے غیر قانونی استعمال کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔