کورونا مریضوں کے علاج پر مامور ڈاکٹرز تنخواہوں سے محروم

کورونا مریضوں کے علاج پر مامور ڈاکٹرز تنخواہوں سے محروم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زاہد چوہدری) وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سنگین غفلت، شیخ زید ہسپتال کو کورونا وائرس کےمریضوں کے علاج معالجے، ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کو مارچ کی تنخواہیں دینے کیلئے فنڈز فراہم نہیں کئے گئے۔

موجودہ صورتحال میں ہسپتال تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر ہے، ہسپتال انتظامیہ کورونا کی حالیہ وبا میں بھی اہم کردار ادا نہیں کر پارہی۔ اس وجہ سے ڈاکٹرز اور عملہ شدید مایوسی کا شکار ہے۔ اس سے قبل بھی رواں مالی سال بار بار تنخواہوں کی ادائیگی تاخیر کا شکارہوئی ہے، عارضی فنڈز فراہم کرکے تنخواہوں کی ادائیگی کی جارہی ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کے شکار افراد کو علاج معالجے کی فراہمی کیلئے بھی فنڈز فراہم نہیں کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت شیخ زید ہسپتال کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہے۔

صوبائی حکومت ہسپتال کا انتظامی کنٹرول وفاق کے پاس ہونے کی وجہ سے فنڈز فراہم نہیں کر رہی۔

دوسری جانب لاہور میں کوروناوائرس سےجاں بحق افراد  کی تعداد 4 ہوگئی, پنجاب میں کوروناوائرس سے جاں بحق کی تعداد 7 تک پہنچ گئی جبکہ صوبے بھر میں کورونا سے متاثرہ کیسز کی تعداد 638 ہو گئی ہے ۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق اس وقت لاہور میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 126  ہے،جب کہ گجرات میں 62، جہلم میں 28، راولپنڈی میں 40،  ننکانہ میں 13، گجرانوالہ میں 11، فیصل آباد میں 9، ڈی جی خان اور حافظ آباد میں پانچ پانچ، منڈی بہاوالدین میں 4، میانوالی میں 3 جب کہ ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی، سرگودھا اور بہاولنگر میں دو دو مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔