علی ساہی :مالی سال کے آخری روز محکمہ ایکسائز نے ٹیکس وصولی کے لیے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے صوبے بھر کے تمام دفاتر رات 12 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی جی ایکسائز عمرشیرچٹھہ کا کہنا تھا کہ پراپرٹی، موٹر اور دیگر ٹیکسز کی وصولی کے لیے ٹیمیں رات 12 بجے تک فیلڈ میں موجود رہیں گی، جبکہ متعلقہ بینکوں کی برانچز بھی ٹیکس جمع کرنے کے لیے کھلی رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ایکسائز ٹیکسز کی آن لائن ادائیگی کے لیے ای پے (ePay) کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
ڈی جی ایکسائز کے مطابق محکمہ اب تک 74 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کر چکا ہے اور آج 75 ارب روپے کے ہدف کے حصول کے لیے بڑے پیمانے پر ریکوری متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس سال 20 ارب روپے اضافی محصولات جمع کیے گئے ہیں۔
عمر شیر چٹھہ نے واضح کیا کہ ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والی اور نان رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ٹیکس نادہندہ جائیدادوں کو ادائیگی تک سربمہر رکھا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو شہری اپنے واجبات ادا نہیں کریں گے، ان سے آئندہ مالی سال میں 100 فیصد جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز کے ڈائریکٹرز، ای ٹی اوز اور تمام عملہ رات 12 بجے تک فرائض سرانجام دے گا تاکہ مقررہ ہدف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔