کلیم اختر : ایف بی آر نے مشروبات تیار کرنے والے تمام یونٹس کی سخت مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر کے بیوریجز مینوفیکچرنگ یونٹس کو ریڈار پر رکھا جائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق نہ صرف بڑے اور معروف بیوریجز مینوفیکچرنگ یونٹس بلکہ دیگر چھوٹے پیداواری یونٹس کی بھی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں خارج ٹیکس ہیڈ آفس اور دیگر ٹیکس دفاتر کے افسران کو خصوصی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں نامور بیوریجز مینوفیکچرنگ یونٹس کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے ان کے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر مشروبات کی پیداوار، فروخت اور ٹیکس کمپلائنس کو یقینی بنایا جائے گا۔
ایف بی آر کے افسران سیلز ٹیکس ایکٹ 40بی کے تحت مشروبات کی پیداوار، فروخت اور سٹاک کی نگرانی کریں گے تاکہ ٹیکس قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مانیٹرنگ کے دوران حاصل ہونے والی تمام معلومات متعلقہ ٹیکس دفاتر کے ساتھ ساتھ ہیڈکوارٹرز کو بھی فراہم کی جائیں گی، تاکہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔