انور عباس: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قونصلر خدمات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید بنانے سے متعلق مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں اسحاق ڈار کو عوامی سہولت کے لیے قونصلر خدمات میں بہتری اور اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس دوران قونصلر خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے پیش نظر قونصلر خدمات کے لیے صبح اور شام کی شفٹیں متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی، جبکہ خدمات کی فراہمی میں شفافیت، رفتار اور بروقت کارروائی کو مزید بہتر بنانے کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کو قونصلر خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط، مؤثر اور عوام دوست بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے قونصلر خدمات میں شفافیت، تیزی اور سہولت کو یقینی بنایا جائے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت تمام شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔