علی ساہی: آئی جی پنجاب پولیس نے زیرتعمیر تھانوں کی منصوبے مکمل کرنے کی ٹھان لی، آئی جی نے حکومت سے 88 کروڑ سے زائد کے فنڈز مانگ لئے۔ لاہور کے 8 تھانوں سمیت صوبہ بھر کے 37 تھانے زیرتعمیر ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں 37 تھانے پچھلے 3 سال سے زیرتعمیر ہیں۔ حکومت کی جانب سے بروقت فنڈز فراہم نہ کرنے کی وجہ سے پولیس پرائیویٹ عمارتوں کے کرائے کی مد میں کروڑوں روپے دینے پر مجبور ہے۔ لاہور کے 8 تھانوں میں چوہنگ، قلعہ گجر سنگھ، لوہاری، یکی گیٹ، فیصل ٹاؤن، فیکٹری ایریا اور گلشن راوی شامل ہیں۔
تھانوں کی تکمیل کیلئے 88 کروڑسے زائدفنڈز فراہم کئے جائیں جبکہ لاہور کے تھانوں کیلئے سولہ کروڑکے فنڈز مانگے گئے ہیں۔ حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ فنڈز رواں سال اضافی گرانٹ سے جاری کئے جائیں تاکہ تمام تھانے مکمل کئے جاسکیں۔
گزشتہ برس بھی اضافی فنڈز مانگے گئے تھے تاہم عدم فراہمی پر تاحال تھانوں کی تکمیل نہیں ہوسکی۔ زیر تعمیر37 تھانوں کی تکمیل کے بعد دیگر نئے تھانوں کیلئےاگلے مالی سال میں فنڈز مانگے جائیں گے۔