ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سینیئرز کی عزت ۔۔۔ کامیابی کی ضمانت۔۔!

زین مدنی حسینی

سینیئرز کی عزت ۔۔۔ کامیابی کی ضمانت۔۔!
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

یہ ایک تلخ مگر اٹل حقیقت ہے کہ زندگی اور خصوصاً شوبز انڈسٹری میں عزت کے بغیر کامیابی صرف ایک عارضی فریب ہوتی ہے، جو لوگ اپنے سینئرز کو نیچا دکھا کر آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں وہ چند برس تو خبروں میں رہتے ہیں مگر وقت آخرکار ان کا اصل مقام دکھا دیتا ہے۔

 پاکستان فلم انڈسٹری میں اگر کسی ایک نام کو سب سے اوپر رکھ کر بات کی جائے تو وہ اداکارہ نرگس ہیں جنہوں نے وہ دن بھی دیکھے جب ان کے خلاف ہر دروازہ بند تھا، ذاتی زندگی کے بحران، میڈیا ٹرائل، عدالتوں کے چکر، ذہنی اذیت اور معاشرتی تضحیک، شاید ہی کوئی آزمائش ہو جو ان کے حصے میں نہ آئی ہو، مگر ان تمام حالات کے باوجود نرگس نے کبھی اپنے سینئر فنکاروں کے خلاف بدزبانی نہیں کی، کبھی ان کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش نہیں کی، یہی وجہ ہے کہ آج اللہ تعالیٰ نے انہیں وہ عزت، مقام اور سکون دیا ہے جس کی تمنا بہت سی نام نہاد اسٹار اداکارائیں صرف خواب میں ہی کر سکتی ہیں، اس کے بعد اگر کسی اور نام کا ذکر لازم ہے تو وہ ریما خان کا ہے جنہوں نے شہرت کے نشے میں کبھی یہ نہیں بھلایا کہ وہ کن کندھوں پر کھڑی ہو کر اس مقام تک پہنچی ہیں، زیبا بیگم جیسی عظیم اداکارہ کے گھر جا کر ملاقات کرنا کوئی فوٹو سیشن نہیں بلکہ ایک واضح اعلان ہے کہ اصل بڑا وہ ہوتا ہے جو بڑوں کے آگے جھکنا جانتا ہو، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری میں ایسی اداکاراؤں کی ایک لمبی فہرست موجود ہے جنہوں نے اپنے سینئرز سے حسد کیا، انہیں کمتر سمجھا، میڈیا پر ان کے خلاف زہر اگلا اور خود کو ناقابلِ شکست سمجھ بیٹھیں، نرما، لیلیٰ، نتاشا، تابندہ اور نازو جیسے نام کبھی فلمی دنیا کا شور تھے مگر آج یہ نام تاریخ کے حاشیوں میں دفن ہو چکے ہیں، نہ کوئی ان کی خبر لیتا ہے نہ کوئی ان کا دفاع کرتا ہے، کیونکہ عزت کے بغیر کمائی گئی شہرت کی عمر بہت مختصر ہوتی ہے۔

 اس کے برعکس اداکارہ ریشم کو دیکھ لیجیے جنہوں نے ہر دور میں سینئرز کے سامنے سر جھکانا سیکھا، انا کو دروازے سے باہر رکھا اور اسی وجہ سے آج بھی وہ شوبز انڈسٹری میں عزت کے ساتھ موجود ہیں، میرا کی مثال بھی ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو سمجھتے ہیں کہ شور مچانا ہی کامیابی ہے، میرا نے وقت کے ساتھ خود کو بدلا، اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا، سینئر اداکاراؤں کے ساتھ ڈاؤن ٹو ارتھ رویہ اپنایا اور یہی تبدیلی ان کے لیے دوبارہ سانس لینے کا سبب بنی، اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہماری انڈسٹری میں آج بھی کچھ اداکارائیں خود کو سینئر سمجھنے کے باوجود سینئرز کی عزت کرنا توہین سمجھتی ہیں، وہ سمجھتی ہیں کہ بدتمیزی بغاوت ہے اور شور مچانا طاقت، مگر وقت بار بار ثابت کرتا ہے کہ یہ سب خود فریبی ہے، اداکارہ نرگس اور ریما خان جیسے نام نئی نسل کے لیے کھلا پیغام ہیں کہ جو عزت دیتا ہے وہی عزت پاتا ہے، اور جو اپنے سینئرز کو روند کر آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے وہ آخرکار اسی راستے میں کچلا جاتا ہے، شوبز ہو یا زندگی، اصول ایک ہی ہے، بڑوں کی عزت کرو، ورنہ وقت تمہیں اس مقام پر لا کھڑا کرے گا جہاں تمہاری عزت کرنے والا بھی کوئی نہیں ہوگا۔