ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز، اورنج لائن کو گرین لائن سے جوڑ دیا گیا

کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز، اورنج لائن کو گرین لائن سے جوڑ دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اورنج لائن کو گرین لائن سے منسلک کرنے کے منصوبے کا افتتاح کیا اور اورنگی ٹاؤن میں اورنج لائن ڈپو کا دورہ بھی کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی سروس ہے جہاں ایک ہی کارڈ کے ذریعے مختلف لائنز پر سفر ممکن ہوگا۔ اب گرین لائن اور اورنج لائن کے مسافروں کو دوہرا کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا اور ایک ہی کارڈ سے دونوں روٹس پر سفر کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اس مربوط نظام کے تحت روزانہ ایک لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جائے۔ شرجیل میمن کے مطابق ڈبل ڈیکر بس سروس کراچی کے شہریوں کے لیے نئے سال کا تحفہ ہے، جسے ابتدائی طور پر تجرباتی بنیادوں پر محدود پیمانے پر شروع کیا جا رہا ہے۔

ڈبل ڈیکر بسیں پہلے مرحلے میں ملیر سے شارع فیصل تک چلیں گی اور ان کا کرایہ پیپلز بس سروس کے برابر رکھا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بسوں سے سڑکوں پر جگہ بچے گی اور ٹریفک دباؤ میں کمی آئے گی، جبکہ آئندہ مرحلوں میں مزید بسیں بھی شامل کی جائیں گی۔

شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ ریڈ لائن منصوبے کو درپیش مسائل وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر حل کر لیے گئے ہیں اور وہاں کام دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت سندھ نے چار کلومیٹر طویل اورنج لائن منصوبہ بھی بنایا ہے، جبکہ الیکٹرک بسیں بھی کراچی پہنچ چکی ہیں جن کے لیے نئے روٹس متعارف کرائے جائیں گے۔