فخرامام:سمن آباد زون میں لیگی کوآرڈینیٹر کے زیر استعمال دفتر پر پی ٹی آئی کارکنوں کے دھاوے کا معاملہ، سمن آباد زون کے دفتر میں ڈپٹی مئیرمیاں طارق اورچیئرمینوں سمیت بلدیاتی نمائندوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کارروائی نہ ہونے پر گورنر ہاوس کے باہر احتجاج کر سکتے ہیں۔
ڈپٹی مئیر نذیر احمد خان سواتی ،ڈپٹی میئر اعجاز حفیط ،مہر محمود سمیت دیگر زون کے چیئرمینوں نے کانفرنس میں شرکت کی، ڈپٹی مئیر سمن آباد زون میاں طارق کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات تحریک انصاف کے ورکرز نے زون کے دفتر کے تالے توڑ ے اور ہنگامہ کھڑا کیا ، پریس کانفرنس کا مقصد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے غنڈہ گردی پر احتجاج اور موقف پیش کرنا ہے۔
میاں طارق کا کہنا تھا کہ جو آنا چاہتے ہیں نوٹیفیکیشن لے کر قانونی طریقے سے آئیں انہیں ویلکم کریں گے،لیکن اس طرح کی بدمعاشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، تحریک انصاف کی تبدیلی پہلے 10 دنوں میں ہی سب نے دیکھ لی ہے, ہم تھانے کچہری بھگتنا جانتے ہیں،میڈیا کے ذریعے ان کے خلاف کارروائی کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ معاملہ ٹاون ہال لے کر جائیں گے اور گورنر ہاوس کے باہر احتجاج بھی کر سکتے ہیں۔