بلال نیازی:حکومت نے کرائے کے گھروں میں رہنے والے شہریوں کیلئے بڑا ریلیف دینے کا اعلان کرتے ہوئے آسان اقساط پر اپنا گھر خریدنے کیلئے قرض اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جسے ملک میں بڑھتے ہوئے ہاؤسنگ بحران کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے سرپرست اعلی بلڈر ایسوسی ایشن محسن شیخانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے گھر کی تعمیر یا خریداری کیلئے ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 50 ہزار گھروں کیلئے قرضے جاری کیے جائیں گے، جبکہ شہری 20 لاکھ سے لے کر ایک کروڑ روپے تک قرض حاصل کر سکیں گے۔ یہ قرضے 10 سے 20 سال کی آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے تاکہ متوسط اور کم آمدنی والے افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
حکام نے بینکوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ درخواستوں کی پراسیسنگ 15 دن کے اندر مکمل کی جائے، تاکہ شہریوں کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔
محسن شیخانی مزیدکا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے، اس لیے اس منصوبے کا دائرہ کار مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو اپنی چھت میسر آ سکے۔