شیرباز بلوچ:سندھ کے علاقے اوباڑو میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق گیس کی طویل اور بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، جس سے خصوصاً خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ گیس کی عدم دستیابی نے روزمرہ کے معمولات کو درہم برہم کر دیا ہے اور لوگ اذیت ناک صورتحال سے گزر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس بندش کے باعث وہ مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں، جس نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث یہ متبادل بھی ہر کسی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔
گیس کی قلت کے باعث لکڑیاں جلانے کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے، جو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہا ہے بلکہ صحت کیلئے بھی نقصان دہ ہے۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی مسلسل بندش کا فوری نوٹس لیا جائے اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کر کے انہیں ریلیف فراہم کیا جائے، تاکہ روزمرہ زندگی کو معمول پر لایا جا سکے۔