ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے آئندہ 24 سے 36 گھنٹے انتہائی اہم ہیں, مستند اطلاعات کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے خبردار کیا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان یقینی اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے اور بھارت کا خطے میں منصف، مدعی اور جلاد بننے کا کردار مسترد کرتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان نے شفاف، آزاد اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے اور کسی بھی جنگی اقدام کے نتائج کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر حملے کی کوشش بھارت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔