فاران یامین: دوسری شادی کی رنجش،بادامی باغ کے علاقہ میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات،سابقہ شوہر نے تیز دھار آلات کی مدد سے میاں بیوی کوقتل کیا، ماں کے قتل میں بیٹا بھی ملوث نکلا، پولیس نے 6 ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق بادامی باغ میں سابقہ شوہر نے بیوی کو اس کے موجودہ شوہر سمیت قتل کر دیا، مقتولین میں تیس سالہ یاسمین اور اسکا موجودہ شوہرعمران شامل ہیں، سابق شوہر ذاکر نے بیٹے یاسر اور دیگر چار ساتھیوں کی مدد سے دونوں کو قتل کیا، مقتولہ کا پہلے شوہر سے بیٹا یاسر اس سے ملنے آیا تھا، جس نے گھر کا رات گئے دروازہ کھولا، دونوں میاں بیوی کو چھری اور ٹوکے کے وار سے قتل کیا گیا، ملزمان شفیق آباد پولیس کے محافظوں کی مدد سے پکڑے گئے۔
رات گئے چیکنگ کی غرض سے محافظوں نے کیری ڈبہ کو روکا جس سے پستول برآمد ہوا، کیری ڈبے میں عامر اورعلی رضا نامی ملزمان سوار تھے، جب تھانہ میں پوچھ گچھ کی تو ملزمان نے قتل کا انکشاف کیا، پولیس نے دونوں ملزمان کی مدد سے کوٹ عبدالمالک سے دیگر چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں ذاکر، یاسر، علی اور جاوید شامل ہیں۔
ملزم ذاکرنے کہا کہ سابقہ بیوی نے موجودہ شوہرعمران سے بھاگ کر شادی کی، اس لئے قتل کیا۔ ملزم نے مقتولین کی بیٹیوں کو بھی اغواء کیا، جنہیں بازیاب کروا لیا گیا ہے۔