( زاہد چودھری ) سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیکے پر دینے کا کالا قانون نامنظور، ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کا احتجاجی کنونشن، فیروزپور روڈ پر احتجاجی مارچ سے ٹریفک جام، 2 مئی سے سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، نرسز اور پیرامیڈیکس ٹیچنگ ہسپتالوں کی خودمختاری کے نئے قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ چلڈرن ہسپتال میں احتجاجی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل تنظیموں کے نمائندوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو ٹھیکے پر دینا پرائیویٹائزیشن کے مترادف ہے، نئے قانون میں سرکاری ملازمت کا درجہ ختم کرنے کے ساتھ غریب عوام پر مفت علاج کے دروازے بند کرنا کسی صورت قبول نہیں ہے۔
میڈیکل تنظیموں نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز ایکٹ کے خلاف بھرپور احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، کنونشن کے بعد چلڈرن ہسپتال سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو فیروزپور روڈ سے ہوتی ہوئی آؤٹ ڈور کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے باعث فیروزپور روڈ پر ٹریفک کا نظام متاثر ہوا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے اعلان کیا کہ 2 مئی سے ہسپتالوں کی نجکاری کے کالے قانون کے خلاف آؤٹ ڈور میں ہڑتال ہوگی۔