میں فلسطین اور غزہ کے عوام کیجانب سے آپ کو سلام پیش کرتا ہوں، سربراہ حماس کاجماعت اسلامی کے مارچ پر خصوصی پیغام

میں فلسطین اور غزہ کے عوام کیجانب سے آپ کو سلام پیش کرتا ہوں، سربراہ حماس کاجماعت اسلامی کے مارچ پر خصوصی پیغام
کیپشن: Ismail Hania, file photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کا کہنا ہے کہ میں فلسطین اور غزہ کے عوام کی جانب سے آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اسماعیل ہانیہ نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے مارچ پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آپ کا یہ عظیم الشان اقصی مارچ جو جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی قیادت میں اسلام آباد میں ہوا، ایک جانب امریکا کیلئے پیغام ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ غزہ کے عوام کے قتل عام کیلئے حمایت کا اعلان کیا اور غزہ کے بچوں، خواتین اور بوڑھوں کے عام کیلئے ہر قسم کا اسلحہ اسرائیل کو فراہم کیا۔
اسماعیل ہانیہ کا کہناتھا کہ دوسری جانب یہ اسرائیل کی ناجائز غاصب حکومت کیلئے پیغام ہے کہ فلسطین مسلمانوں کی سرزمین ہے اورہم اس کی ایک انچ سے بھی دستبردارہونے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ تیسری جانب غزہ کے لئے بالخصوص اور تمام فلسطینیوں کے لئے بالعموم یہ پیغام ہے کہ تم اس معرکے میں اکیلے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے عوام تمہاری پشت پر کھڑے ہیں، حماس کے مجاہدین اور فلسطین کے عوام نے طوفان الاقصی کے نام سے دشمن کے مقابل ایک طوفان برپا کردیا ہے جس نے دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے جو وہ مسجد اقصی کو منہدم کرنے اور مسجد اقصی پرقبضہ کر نے کی کوشش کر رہے تھے، اور جو یہ سمجھتے تھے کہ غزہ کے عوام کو دائمی محاصرے میں اور فلسطینی عوام کو دائمی غلامی میں رکھیں گے اور جنہوں نے ہزاروں فلسطینیوں کو بغیر کسی جرم کے اسرائیلی جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔ 
سربراہ حماس نے کہاکہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو مسلمان ممالک سے تسلیم کروانے کی سازشیں دم توڑ گئی ہیں، گذشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی اسرائیل اور امریکہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جب 120 ممالک نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستان کے عوام نے اور بالخصوص جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ القدس اور فلسطین کے بارے میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اورہمیشہ دوٹوک موقف کا اظہار کیا ہے۔ان کاکہناتھاکہ میں آپ کے اس عظیم الشان مظاہرے کے توسط سے پوری پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتا ہوں اور فلسینی عوام کی جانب سے احترام پیش کرتاہوں۔

اسماعیل ہانیہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کے بیان پر خراج تحسین اور پاکستان کاشکریہ ادا کیا۔