زاہد چودھری :صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی، خواجہ عمران نذیر سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پولیو کے خاتمے اور صحت کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں پروفیسر ڈاکٹر ثمین صدیقی اور ڈاکٹر ظاہر گل شامل تھے، جبکہ ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر فرحان، ڈاکٹر ابتسام اور ڈاکٹر احمر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
خواجہ عمران نذیر نے وفد کو جاری پولیو مہم کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت پنجاب پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ مہم میں لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے بعد ہدفی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ تمام بچوں کو ویکسین فراہم کی جا سکے ۔
ملاقات میں صحت کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے مشترکہ تکنیکی ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس گروپ کا مقصد پولیو کے خاتمے کے لیے حکمت عملی تیار کرنا اور بی ایچ یوز کی آؤٹ سورسنگ کے مثبت نتائج کو مزید فروغ دینا ہے ۔
یہ ملاقات پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے، جس میں گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر بین الاقوامی ادارے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ۔