قیصر کھوکھر: کوروناکیسز میں کمی کے بعد تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھلنے لگے۔محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پیر سے پنجاب کے تمام نجی اور سرکاری کالجز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پیر سے پنجاب کے تمام پرائیویٹ اور سرکاری کالجز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ سیکرٹری ہائرایجوکیشن ندیم محبوب کے مطابق خانیوال اور رحیم یار خان میں کرونا کی شرح زیادہ ہونے کی وجہ سےمذکورہ دونوں اضلاع کے کالجز فی الحال نہیں کھلیں گے۔ باقی پورے پنجاب میں پرائیویٹ اور سرکاری کالجز کھل جائیں گے۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کا مزید کہنا تھا کہ طلباء اور اساتذہ کو کورونا ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک اور انٹرپارٹ ٹو کے امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ جاری کردی گئی۔ انٹر پارٹ ٹو کا پہلا پرچہ سائیکالوجی اور بزنس سٹیڈیز کا لیا جائے گا، انٹرپارٹ ٹو کے امتحانات کا سلسلہ12جولائی تک جاری رہے گا۔ 12 جولائی کو حساب اور بیالوجی کے پرچے لئے جائیں گے، 14 جولائی کو میٹرک کا پہلا پرچہ عربی کا لیا جائے گا جبکہ میٹرک کے امتحانات کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا۔ 5 اگست کو آخری پرچہ معاشرتی علوم کا لیا جائے گا،کورونا کے باعث رواں سال دونوں جماعتوں کے پریکٹیکلز نہیں لئےجائیں گے۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے7 جون سےکھول دیئے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ سات جون سے قبل ویکسی نیشن کروائیں کیونکہ کورونا کا علاج صرف ویکسی نیشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بار تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں کم ہوںگی،ہو سکتا ہے گرمیوں کی چھٹیاں صرف 2 یا 3 ہفتوں کیلئے ہوں۔لاہور میں 16 ہزار ٹیچرز اور 4 ہزار نان ٹیچرز سٹاف ہے جنہیں ویکسین لگائی جائے گی۔