سعید احمد: قومی ایئرلائن پی آئی اے کی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل کر دی گئی ہے، جس کے بعد عارف حبیب کنسورشیم کے ذیلی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے انتظامی امور سنبھال لیے ہیں۔
نئے مالکان نے 180 ارب روپے میں پی آئی اے کی ملکیت حاصل کی ہے، جس میں سے 55 ارب روپے حکومت کو ادا کیے جائیں گے، جبکہ 125 ارب روپے ایئرلائن کی بہتری اور توسیعی منصوبوں پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق نئی سرمایہ کاری آپریشنل اصلاحات، فضائی بیڑے کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن، نئے بین الاقوامی اور داخلی روٹس کے آغاز، ڈیجیٹل نظام کی بہتری اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی۔
چیئرمین پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ قوم کا اعتماد صرف ملکیت کی منتقلی سے حاصل نہیں کیا جا سکتا بلکہ بہتر کارکردگی، معیاری خدمات اور مسلسل بہتری کے ذریعے یہ اعتماد بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کا جذبہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور ادارے کو ایک کامیاب قومی ایئرلائن بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔