سٹی 42:آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ اور مالی سال 2025-26 کا نظرثانی شدہ میزانیہ منظور کر لیا۔
بجٹ پر تفصیلی بحث کے بعد وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے فنانس بل 2026 ایوان میں پیش کیا، جسے قانون ساز اسمبلی نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی مالی سال 2026-27 کے تخمینہ میزانیہ اور مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ میزانیے کی بھی باقاعدہ توثیق کر دی گئی۔
بجٹ اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز پر اظہارِ خیال کیا۔ بجٹ کی منظوری کے بعد حکومت کو نئے مالی سال کے اخراجات اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہو گئی۔
وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید کا کہنا تھا کہ منظور شدہ بجٹ عوامی فلاح، ترقی اور معاشی استحکام کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق فنانس بل 2026 کی منظوری کے بعد حکومت نئے مالی سال کی منصوبہ بندی پر عملدرآمد شروع کرے گی۔