سعید احمد:سیلابی صورتحال کے باعث ریلوے انفراسٹرکچر متاثر ہونے پر پاکستان ریلوے نے لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی شالیمار ایکسپریس کو ایک ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی چلائی جاتی ہے اور اس سروس کو پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ قلعہ ستار شاہ اور مسن کالر کے درمیان واقع ریلوے پل سیلابی پانی سے متاثر ہونے کے باعث لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر شالیمار ایکسپریس کی سروس ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس کا روٹ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق قراقرم ایکسپریس اب فیصل آباد کے بجائے براستہ ساہیوال کراچی چلائی جا رہی ہے تاکہ مسافروں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ریلوے پل کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔