ویب ڈیسک:پاکستان کے سینئر اداکار محسن گیلانی ساتھی اداکارہ مرحومہ عائشہ خان اور اداکار فردوس جمال کی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔
حال ہی میں نامور اور اداکار نے ایک انٹرویو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔
دورانِ انٹرویو اداکارہ مرحومہ عائشہ خان اور اداکار فردوس جمال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن گیلانی آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ عائشہ خان کے انتقال کے وقت ان کے اور ان کے بچوں سے متعلق سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی گئیں لیکن میں اس وقت خاموش رہا، اسی طرح فردوس جمال کے لیے بھی ان کے بیٹوں کے بہت کچھ کہا جو نہیں کہنا چاہیے تھا۔
سینئر اداکار نے کہا کہ ایک دوست نے وائس نوٹ شیئر کیا جس میں عائشہ خان بتا رہی تھیں کہ بچے مجھے پیسے بھیجتے ہیں، عائشہ خان اکیلے رہنا پسند کرتی تھیں، ان کے بچے بھی اپنی زندگی میں مصروف ہو گئے جب کہ فردوس جمال جیسے باصلاحیت فنکار کے بچے ان سے کیسے علیحدہ ہوگئے؟
محسن گیلانی نے کہا کہ میں جانتا ہوں عائشہ خان نے اپنے بچوں کو کیسے پالا، جس نے اس قدر مشکل حالات میں اپنے بچوں کو پالا ہو کیا اس کی دیکھ بھال کرنا ان کی ذمہ داری نہیں ہے؟ ایسے والدین، خاص طور پر وہ مائیں جن کے بچے ایسے ہیں وہ صبر کریں اور اپنے بچوں کے لیے دعا کریں کیونکہ مائیں صرف دعا ہی دے سکتی ہیں۔
محسن گیلانی کے مطابق فردوس جمال اور ان کے بیٹوں کے آپسی معاملات میڈیا میں نہیں آنے چاہئیں، مجھے بہت دکھ ہوا جب ان کے بیٹے نے ایک انٹرویو میں آکر کہا، ’ہم نے اپنے والد کے اسپتال کا خرچہ برداشت کیا، اگر کسی کو یقین نہیں ہے تو ہمارے پاس اسپتال کے بل موجود ہیں، چیک کرلیں‘۔

انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ جب والدین ضعیف ہوجاتے ہیں تو انہیں اپنی اولاد کے پیسے نہیں چاہیے ہوتے بلکہ ان کا وقت چاہیے ہوتا ہے۔
انہوں نے سوال اُٹھایا کہ کیا والدین کو بڑھاپے میں صرف پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے؟