ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بسنت: خطرناک ڈور کے استعمال اور ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس، 12 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

بسنت: خطرناک ڈور کے استعمال اور ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس، 12 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بسنت فیسٹیول کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور نے 6 تا 8 فروری کو ہونے والے پتنگ بازی فیسٹیول کا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد کریں۔ ضابطہ اخلاق لاہور بھر کے تمام مقامات بشمول عمارتوں اور چھتوں پر لاگو ہوگا اور پتنگ بازی ایکٹ اور سیفٹی رولز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی افسران اور پولیس کو چھتوں اور مقامات کے معائنے کا اختیار تفویض کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر محفوظ مقام پر پتنگ بازی پر پابندی لگائی جا سکے۔ شہریوں کے تحفظ کے لیے 12 نکاتی سخت ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس میں خطرناک ڈور اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں کی حفاظت کے لیے دھاتی، کیمیائی اور نیلون ڈور کے استعمال پر سختی سے پابندی ہوگی جبکہ لاہور میں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب کو لازمی یقینی بنایا جائے گا۔ ہوائی فائرنگ اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے ساؤنڈ سسٹم پر پابندی ہوگی اور ایئرپورٹ اور حساس تنصیبات کے قریب پتنگ بازی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔

چھتوں کے مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حفاظتی انتظامات کریں اور کسی بھی حادثے کی صورت میں وہ ذاتی ذمہ دار ہوں گے۔ غیر محفوظ چھتوں کے استعمال پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ ثقافتی تہوار کو محفوظ بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور خطرناک ڈور کی خرید و فروخت پر پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔