سٹی42: پنجاب پولیس نے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرتے ہوئے صوبہ بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ صوبے میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز قابل برداشت نہیں، تاہم لاہور میں صرف مخصوص دنوں میں بسنت منانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں پتنگ بازی میں ملوث 2621 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2550 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ایک لاکھ 86 ہزار 944 پتنگیں اور 4184 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔
لاہور میں بھی پولیس نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 1181 ملزمان کو گرفتار کیا اور مقدمات درج کیے۔ شہر سے 53 ہزار سے زائد پتنگیں اور 1073 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں دھاتی ڈور سے بچاؤ کے لیے ایک لاکھ 38 ہزار 893 حفاظتی راڈز تقسیم کیے گئے جبکہ 53 ہزار 752 افراد سے شورٹی بانڈز بھی حاصل کیے گئے تاکہ پتنگ بازی کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔