ویب ڈیسک: پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظور نے اداکارہ علیزے شاہ کو اسٹیج پر گرانے کے الزامات کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ شازیہ منظور کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ ایک حادثہ تھا اور علیزے شاہ خود ہی پھسل کر گری تھیں۔
واضح رہے کہ علیزے شاہ کا شمار پاکستان کی خوبصورت اور معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ سال 2021 میں ایک فیشن ایونٹ کے دوران ریمپ واک پر شازیہ منظور کے ساتھ اسٹیج پر ڈانس کرتے ہوئے علیزے شاہ گر گئی تھیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھی۔
بعدازاں علیزے شاہ نے اپنے گرنے کا الزام شازیہ منظور پر عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گلوکارہ نے انہیں جان بوجھ کر اسٹیج پر گرایا، تاہم اس وقت شازیہ منظور کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اس واقعے سے متعلق سوال کے جواب میں شازیہ منظور نے کہا کہ انہوں نے علیزے شاہ کو نہیں گرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ “کیا اتنی خوبصورت لڑکی کو گرانے کا دل کرے گا؟ اس دن علیزے شاہ بہت خوبصورت لگ رہی تھیں، شاید انہیں نظر لگ گئی تھی۔”
انٹرویو کے اختتام پر شازیہ منظور نے علیزے شاہ کے لیے محبت اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔