سٹی 42 :کرکٹر ندا ڈار پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بہترین کھلاڑی ہیں۔یہ آل رائونڈر ہیں ۔ان کو مردوں کی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی سے تشبیہہ دی جاتی ہے۔ ندا ڈار اس مشابہت سے بہت خوش دکھائی دیتی ہیں۔بلکہ اپنے آپ پر فخر بھی محسوس کرتی ہیں۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کہتی ہیں کہ وہ پاکستان کی بہترین آل راونڈر بننا چاہتی ہیں، لوگ جارحانہ انداز کی وجہ سے لیڈی بوم بوم کہتے ہیں اور یہ ٹائٹل انہیں ہر بار جارح انداز میں بیٹنگ کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ پچھلے دنوں ان کی فارم خراب ضرور تھی لیکن کیمپ میں انہوں نے کافی محنت کی اور اب وہ اسکور بورڈ پر رنز سجانے کے لیے تیار ہیں، امید ہے کہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں گی۔ موقع ملا تو وہ ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیں گی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی شاہد آفریدی کی مداح رہی ہیں اور ان کو دیکھ کر ہی جارح مزاج بلے بازی کو اپنایا، جب شاہد آفریدی نے ان کی تعریف کی تھی تو بہت اچھا لگا تھا۔ آسٹریلیا میں بیگ بیش لیگ کھیلنا ان کے لیے کافی مفید ثابت ہوا ہے اور جو تجربہ انہوں نے حاصل کیا اس سے نہ صرف انہیں بلکہ ٹیم کو بھی فائدہ ہوگا۔