شاہد سپراء :لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کے میٹرز کی قلت اور جاری بحران کا ذمہ دار وزارتِ پاور ڈویژن کو قرار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے اس حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
لیسکو کے مطابق وزارتِ پاور ڈویژن کی جانب سے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی پالیسی نافذ کیے جانے کے باعث میٹرز کی شدید قلت پیدا ہوئی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اضافی بجٹ کی منظوری نہ ملنے سے بھی میٹرز کی خریداری کا عمل متاثر ہوا، جس کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ پاور ڈویژن نے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے واضح احکامات جاری کیے تھے، تاہم ان احکامات سے قبل ہی لیسکو کے پاس دستیاب میٹرز کا سٹاک ختم ہو چکا تھا۔ سٹاک ختم ہونے کے بعد کمپنی نے وزارتِ پاور کے مراسلے کو بنیاد بناتے ہوئے این او سی جاری کیا۔
لیسکو حکام کے مطابق این او سی کا مراسلہ جاری ہونے کے باوجود نئے بجلی کنکشنز تاحال التواء کا شکار ہیں، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ پالیسی اور بجٹ سے متعلق معاملات حل ہونے پر میٹرز کا بحران ختم ہو سکے گا۔