عابد چودھری:ڈولفن سکواڈ مزنگ نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی صحت کے لیے خطرناک مردہ مرغی کے 40 کلو سے زائد گوشت کی مبینہ سپلائی ناکام بنادی، جبکہ گوشت منتقل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان عمار اور حامد موٹرسائیکل پر مردہ جانوروں کا گوشت منتقل کر رہے تھے۔ ڈولفن ٹیم نے تعفن محسوس ہونے پر موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران موٹرسائیکل پر بوری میں لپٹا ہوا 40 کلو سے زائد مردہ مرغی کا گوشت برآمد ہوا، جسے چھپا کر منتقل کیا جارہا تھا۔
گرفتار ملزمان عمار اور حامد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ مزنگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔