وقاص احمد:لوئر مال کے علاقے میں گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چوری ہونے کے واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔
پولیس نے واردات میں ملوث مبینہ گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرکے 10 لاکھ روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق گھر کی صفائی پر مامور ملازمہ نے مبینہ طور پر گھر کی سیف الماری سے طلائی زیورات اور نقد رقم چوری کی۔ ملزمہ گزشتہ تین سال سے اسی گھر میں ملازمت کر رہی تھی۔
ایس پی سٹی فرحت عباس کے مطابق گھر میں نصب خفیہ کیمرے نے واردات کا بھانڈا پھوڑ دیا، جس کی مدد سے پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کیا۔
لوئر مال پولیس نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔