طاہر جمیل:لاہور میں کمرشل گاڑیوں کے بعد اب پرائیویٹ گاڑیوں کیلئے بھی فٹنس سرٹیفیکیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کو محفوظ اور ماحول دوست بنانا ہے۔
اس سلسلے میں ویلنشیاء ٹاؤن میں جدید پرائیویٹ وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم (PVICS) سنٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں شہری اپنی گاڑیوں کی باقاعدہ جانچ کروا سکیں گے۔
افتتاحی تقریب میں سیکرٹری پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی حسان احسن نے شرکت کی اور سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ “پی وکس” سنٹر میں گاڑیوں کے ایمیشن ٹیسٹ سمیت دیگر تکنیکی معائنہ کیا جائے گا تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی انسپکشن کروا کر مناسب فیس کے عوض فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ ابتدائی مرحلے میں اس عمل کو رضاکارانہ رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
حکام کے مطابق اگلے مرحلے میں اس نظام کو باقاعدہ نافذ کیا جائے گا اور قانون کے تحت فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دیا جائے گا، جس کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔