عابد چوہدری: ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا، جو ضلعی دفتر کے ایل او ایس مقام پر منعقد ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق مشقیں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کی ہدایات پر کی گئیں، جن کا معائنہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) علی اعجاز نے کیا۔ اس موقع پر ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر رضوان چوہدری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈاکٹر رضوان چوہدری نے شرکاء کو واٹر ریسکیو آلات کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ ریسکیورز اور والنٹیئرز نے سی پی آر اور ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مشقوں کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔
مشقوں میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب، لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ، ضلعی انتظامیہ لاہور اور کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے بھی شرکت کی۔