(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی پی ٹی آئی کی درخواست خارج کردی جبکہ علی حیدر گیلانی، کیپٹن ریٹائرڈ جمیل اور فہیم خان کیخلاف فوجداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن ویڈیو اسکینڈل میں سینیٹر یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے ایم پی اے علی حیدر گیلانی کے خلاف کیس کی سماعت کی, پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی اور ایم پی اے علی حیدر گیلانی کی نااہلی کی درخواست کی۔
الیکشن کمیشن نے یوسف گیلانی کیخلاف درخواست کو خارج کردیا, چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس کیس کے حقائق ٹھیک پیش نہیں کیے گئے، یوسف رضا گیلانی کیخلاف براہ راست کوئی شواہد نہیں، وہ سینیٹر رہیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کرپٹ پریکٹس ثابت ہونے پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو سیکشن 168، 167 کے تحت علی حیدر گیلانی اور پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ جمیل اور فہیم خان کیخلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ کرپٹ پریکٹس کی سزا تین سال قید، ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں ہو سکتے ہیں۔
واضح ر ہےکہ گزشتہ سال سوشل میڈیا پر علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور عالیہ حمزہ نے یوسف گیلانی اور بیٹے کی نااہلی کی درخواستیں دائر کی تھیں۔