(احمد منصور) آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان کی تازہ پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی اعلیٰ سطحی وفدنے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا،وفد امریکہ افغانستان وار کمیشن کی شریک چیئرز شمائلہ چودھری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن پر مشتمل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان کی تازہ پیش رفت پر گفتگو ہوئی، امریکی وفد 20 سالہ افغانستان جنگ میں امریکی شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان میں تنازعہ کے دوران پاکستان کے کردار اور تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان میں طویل تنازعہ کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان تنازعہ کی سٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل جائزے میں علاقائی پہلو شامل کرنے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا، امریکی وفد نے افغانستان تنازعہ کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا، امریکی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کی تعریف کی، ملاقات میں افغانستان اور خطے کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق پاکستان کے تجربات اور نقطۂ نظر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔